عوام کااستحصال کرنے والے حکمران صادق اور امین نہیں،کاشف شیخ
کراچی (نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے سوئی نادرن گیس کمپنی اور سوئی سدرن کمپنی کی جانب سے ٹیکسٹائل ملوں اور سی این جی اسٹیشنوں سے 50ارب روپے کی بقایاجات وصول کرنے کی بجائے کمپنی کو خسارے میں ظاہر کرکے بقایاجات عوام سے وصول کرنے کی منصوبہ بندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور کاری ضرب قرار دیا ہے۔انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ عوام کا مسلسل استحصال لکرنے والے موجودہ حکمران ہرگز صادق اور امین نہیں ہوسکتے،موجودہ حکومت عالمی مالیاتی اداروں کے استحصالی ایجنڈے کی سب سے بڑی محافظ ہے، ایک جانب حکومت عوامی حقوق کے تحفظ اور ریلیف دینے کا ڈھنڈورا پیٹنے میں مصروف جبکہ اس کی ناک کے نیچے سرکاری محکمے عوام کی کھال اتارنے کیلئے نت نئے منصوبے بنانے اور مہنگائی کے مزید کوڑے برسانے کیلئے ہمہ وقت جوڑتوڑ میں مصروف ہیں ۔لوٹ کھسوٹ اور فراڈ پر مبنی یہ ناورا طرز عمل محض ایک ادارے کا نہیں بلکہ حکومتی تمام اداروں اور کرپٹ مافیا میں سرایت کرچکا ہے جس نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، اسی کا نتیجہ ہے کہ بے ایمانی اور بددیانت اشرافیہ کی وجہ سے آج وطن عزیز شدید مشکلات کا شکار اور بحیثیت قوم ہم پے درپے بحرانوں کی زد میں ہیں، اسلام ہمیں امانت ،صداقت اور دیانت کی تلقین کرتا ہے اور ایک دوسرے کا مال ناجائز طریقے سے کھانے سے روکتا ہے لیکن موجودہ حکومت اور بے لغام بیوروکریسی عوام کے منہ سے آخری نوالہ چھیننے کیلئے آئے روز نت نئے طریقوں سے جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے اور مہنگائی کا کوڑا برسانے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے،حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں عوام میں وہی زندہ رہتا ہے جو ملک و قوم کیلئے کام کرتا ہے آئی ایم ایف کی ایما پر بجلی ، گیس مہنگی اور بے جا ٹیکسز لاگو کرکے عام آدمی کو زندہ درگور کیا جارہا ہے،سوئی گیس کمپنیوں کی جانب سے عوام کو لوٹنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کی جوابدہی عمران خان اور پی ٹی آئی کو آئندہ انتخابات میں دینی ہوگی۔