سٹیڈیم کے تالے توڑنے کے مقدمہ میں عبدالرحمن کانجو شیخ طارق رشید سمیت 4 لیگی رہنماؤںکی عبوری ضمانتیں منظور
ملتان ( سپیشل رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امان اﷲ نے مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر عبدالرحمن کانجو‘ ڈویژنل جنرل سیکرٹری شیخ طارق رشید سمیت 4 لیگی رہنماؤں کو قلعہ میں اسٹیڈیم کے تالے توڑنے کے معاملہ پر درج مقدمہ میں عبوری ضمانتوں کو منظور کر لیا ہے۔ عدالت نے 50,50 ہزار کے مچلکوں کے عوض ان رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں کو منظور کیا ہے۔ ملتان کی عدالت میں عبوری درخواست ضمانتوں کو دائر کرتے ہوئے ڈویژنل صدر عبدالرحمن کانجو‘ سابق صوبائی وزیر عبدالوحید ارائیں‘ ڈویژنل جنرل سیکرٹری شیخ طارق رشید‘ منور احسان قریشی اور شیخ آصف قریشی‘ ضلعی جنرل سیکرٹری شیخ اطہر ممتاز‘ شاہد مختار لودھی نے موقف اختیار کیا کہ پولیس تھانہ لوہاری گیٹ نے ان کے خلاف قلعہ میں اسٹیڈیم کے گیٹ توڑنے کا جھوٹا اور فرضی مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ہمارے خلاف کارسرکار میں مداخلت اسٹیڈیم کے گیٹ توڑنے اور تالے توڑنے کے الزامات عائد ہیں جن کا سائلان سے کوئی تعلق واسطہ ہی نہیں ہے۔ دراصل ہمیں سیاسی شخصیت ہونے کی بناء پر اس مقدمہ میں ملوث کیا گیا ہے۔