نئے سسٹم میں عوام کو پولیس میں مثبت تبدیلی نظر آرہی ہے:اے آئی جی
ملتان(کرائم رپورٹر) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان (ستارہ امتیاز) نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو انصاف کی فراہمی اور پولیس کلچر میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے انقلابی اصلاحات پر عمل پیرا ہیں اس سلسلے میں جنوبی پنجاب پولیس آفس مکمل فعال ہوکر جنوبی پنجاب پولیس کی کارکردگی کو مکمل مانیٹر کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تھانہ کی سطح پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری مقدمات کا اندراج یقینی بناکر فوری میرٹ پر تفتیش کا آغاز ہماری پالیسی ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے بعد پولیس کے نئے سسٹم سے بھی عوام کو مثبت تبدیلی نظر آرہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایڈیشنل آئی جی آفس کی مختلف برانچوں کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل پولیس آپریشنز سید غضنفر علی شاہ اور پی ایس او انسپکٹر رضوان خان بھی ہمراہ تھے۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب پولیس کی مستقل بلڈنگ میں منتقلی کا مرحلہ جلد مکمل کیاجائے گا اس حوالے سے سٹاف اور انفراسٹرکچر کی کمی بھی ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جارہی ہے۔دریں اثناء ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان سے ایس پی پٹرولنگ محمد شریف جٹ نے انکے آفس میں ملاقات کی