گودام میں آتشزدگی،شاہد خان اور 150 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ
ملتان (کرائم رپورٹر) پی ڈی ایم کے جلسہ کے دوران گتے کے گودام میں آگ لگنے کا معاملہ, گودام مالک نے نقصان کے ازالے کا مطالبہ کر دیا۔ واضح رہے کہ 30 نومبر کی رات اپوزیشن جماعتوں کے جلسے کے دوران ہونے والے آتش بازی سے گتے کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا - آگ کے شعلے اتنے بلند تھے کہ جلسہ گاہ میں موجود افراد میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا تاہم ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا -آگ لگنے سے گودام میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا ما خاکستر ہو گیا۔گودام مالک شیخ اویس نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جماعتیں نقصان کا ازالہ کریں ، 25 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے ،بیٹی کی شادی بھی قریب ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد محمود نے مریم نواز کے استقبال پر آتش بازی کی تھی جس کے باعث آگ بھڑکی۔دوسری جانب مذکورہ واقعہ پر تاجر کی درخواست پر مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے شاہد محمود خان اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے,پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ییں۔ تاجر شیخ اویس کی طرف سے پولیس تھانہ پرانی کوتوالی کو مقدمہ کے لئے درخواست دی گئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ سابق ایم پی اے شاہد محمود خان اور ڈیڑھ سو نا معلوم افراد کے خلاف تھانہ پرانی کوتوالی میں دفعات، 427، 6 اے، ایکسپلوسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ دریں اثناء ملتان میں پی ڈی ایم جلسے کے دوران آتش بازی سے گتے کے گودام میں لگنے والی اگ ٹھنڈی نہ ہوسکی۔ایک بار پھر گودام میں آگ بھڑک اٹھی۔ڈمپر کی مدد سے سامان ہٹاتے ہوئے آگ دوبارہ بھڑک اٹھی۔ گودام مالک کے مطابق ریسکیو کی جانب سے گزشتہ روز آگ پر قابو پالیا گیا تھا۔ آگ اوپر سے تو بجھ گئی تاہم نیچے موجود گتے میں سلگتی رہی۔۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ایک گھنٹے کے آپریشن کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔