سپریم کورٹ کے حکم کی تعمیل کراچی میں تشہیری مہم پر پابندی عائد
کراچی (خبر نگار) کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت پبلک مقامات پر تشہیری مہم پر پابندی عائد کرتے ہوئے شہر کی تمام چورنگیوں کے الاٹمنٹ آرڈر فوری طور پر منسوخ کردیئے،چورنگیوں کے الاٹمنٹ آرڈر کی منسوخی کا اطلاق تمام ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز پر بھی ہوگا،اس حوالے سے کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ تمام چورنگیوں سے تجاوزات ، اشتہاری بورڈ اور ناموں کی تختیوں کو ہٹانے کی کارروائی فوری شروع کی جائے،کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی کے احکامات کے تحت تمام رائونڈ ابائوٹ سالانہ بنیاد پر کمرشل اور ایڈورٹائزنگ کے موجودہ ریٹ کے لحاظ سے نیلام کیے جائیںگے،ان احکامات کے تحت اینٹی انکروچمنٹ سے متعلق ہر قسم کے چالان پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے،آج کے بعد اگر کسی افسر نے اینٹی انکروچمنٹ سے متعلق چالان جاری کیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ تمام ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز اینٹی انکروچمنٹ کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی چالان آئندہ جاری نہیں کریں گی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ کمرشل ادارے اور کمپنیاں اپنی مصنوعات کی تشہیر قوانین کے مطابق کریں کیونکہ جگہ جگہ مختلف اداروں کے اشتہارات اور تشہیری مواد کے باعث شہر کا حلیہ بگڑ کر رہ گیا ہے۔