پاکستان چین دفاعی شعبہ میں مزید تعاون

پاکستان اور چین کی افواج کے درمیان دفاعی شعبہ میں تاون کو فروغ دینے کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہی۔ چین کے وزیر برائے قومی دفاع جنرل وی فینگ کے گزشتہ روز دورہ جی ایچ کیو کے موقع پر یہ دستخط ہوئے۔ مہمان وزیر دفاع نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
پاک چین تعلقات ہر شعبہ میں اہمیت کے حامل ہیں۔ معروضی حالات میں جب بھارت دنیا سے جدید ترین اسلحہ خرید رہا ہے ، اس کا بنیادی ہدف پاکستان ہی ہے۔ آج بھارت چین کو بھی چیلنج کر رہا ہے اور پاکستان چین دونوں کو دھمکیاں بھی دے رہا ہے اور انکے ساتھ متنازعہ علاقوں میں مقبوضات کو مضبوط بنا رہا ہے۔ جس سے پاکستان اور چین مزید قریب آ گئے ہیں۔ مہمان وزیر دفاع نے علاقائی سلامتی اور سی پیک کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے پاک فوج کی مخلصانہ کوششوں اور کردار کو تسلیم کیا اور انکی تعریف کی۔ چیف آف آرمی سٹاف نے تمام علاقائی اور علمی فورموں پر کلیدی ایشوز کے حوالے سے پاکستان کیلئے چین کی غیر متزلزل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج چین کے ساتھ برادرانہ اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والے تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ بھارت کی جارحانہ رویوں کے مدِنظر پاکستان کو اپنا دفاع وسائل میں رہتے ہوئے ناقابلِ تسخیر بنانا ہے۔ پاکستان کو ایسے نامردار دشمن کا سامنا ہے جو تعصب‘ تکبر اور رعونت کے آخری درجے پر ہے اس کا دفاعی بجٹ پاکستان کے کل بجٹ کے برابر ہے۔ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے میں چین پوری معاونت کرتا رہا ہے۔ اس حوالے سے چینی وزیر دفاع کا دورہ اہمیت کا حامل ہے۔