حکومت جماعت اسلامی کیخلاف جھوٹ اور فریب کاری کر رہی ہے:لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومت جماعت اسلامی کے خلاف جھوٹ اور فریب کاری کر رہی ہے۔ پی ڈی ایم کے ملتان جلسہ کے سامنے عمران خان سرکار ڈھیر ہوگئی ہے۔ عمران خان کی ناکامی ، نااہلی ، غرور ، تکبر ، بد تہذیبی خاک میں مل رہی ہے۔ عوام کی غالب اکثریت حکومتی اقتصادی مظالم اور عوام کے معاشی قتل کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔ بیس ماہ عوام نے انتظار کیا کہ حالات بدلیں گے۔ نااہل سرکار ملک اور قوم کے لیے بوجھ بن گئی ہے۔ عمران خان نااہلی و ناکامی تسلیم کرلیں اور آئین کے مطابق قبل از وقت انتخابات کرا دیں ، یہی آئینی ، جمہوری راستہ ہے۔ لیاقت بلوچ سے کسان بورڈ وسطی پنجاب کے صدر عبدالجبار خان نے ملاقات کی۔