سرائے مغل‘ درخت سے لٹکی نعش برآمد‘ فیصل آباد میں لڑکے کی خودکشی
سرائے مغل‘ قصور‘ پتوکی‘ فیصل آباد (نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی + آن لائن) فیصل آباد میں 15 سالہ لڑکے کی خودکشی‘ سرائے مغل میں 2 روز سے غائب آٹھویں کے طالب علم کی درخت سے لٹکی نعش برآمد ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق سرائے مغل کا جواں سال ناظم حسین دو روز قبل گھر سے نکلا تو رات کو واپس نہ آیا جس پر اسکے والدین نے اسے ڈھونڈا مگر وہ نہ ملا جبکہ گزشتہ روز اسکی لاش کھیتوں میں ایک درخت کے ساتھ لٹکتی ہوئی ملی جس کے گلے میں پھندا لگا ہوا تھا۔ پولیس تھانہ سرائے مغل نے لاش کو قبضہ میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ واقعہ خودکشی کا لگتا ہے تاہم اگر اسکے ورثا نے کارروائی کے لئے درخواست کی تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ مبینہ طور پر ناظم نے گھر والوں کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہو کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ والد نے پولیس کو موت اتفاقیہ قرار دینے کی درخواست دیدی ہے۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں نامعلوم وجوہات پر 15سالہ لڑکے نے گلے میں پھندا لیکر زندگی کا خاتمہ کر لیا، پولیس نے مرگ اتفاقیہ رپٹ درج کر لی، بتایاگیا ہے کہ صدیق نگر گلی نمبر2 میں کارپوریشن میں کام کرنے والے سلیم کا 15سالہ بیٹا مون ہیئرسیلون کا کام کرتا تھا اس کے گھر والے موجود نہیں تھے وہ نامعلوم وجوہات پر گلے میں پھندا لیکر چھت کے پنکھے سے جھول گیا، ورثاء کے کارروائی سے انکار پر پولیس نے نعش حوالے کردی۔