بلوچستان: آواران میں پولیس اور لیویز کی کارروائی، 4 خواتین اسلحہ سمیت گرفتار
کراچی (بی بی سی ) پاکستان میں صوبہ بلوچستان کے علاقے آواران سے مقامی پولیس اور لیویز نے ایک کارروائی کے دوران چار خواتین کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ خواتین کا تعلق مبینہ طور پر بلوچ عسکریت پسند تنظیموں سے بتایا جا رہا ہے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق آواران کے مقامی افراد کی شکایات اور نشاندہی پر پولیس اور لیویز نے مشترکہ کارروائی کر کے ان خواتین کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار خواتین سے دستی بم، تین پستول اور گولیاں برآمد کرنے کا دعوی کیا گیا ہے۔ خواتین پر کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ اور بلوچ لبریشن آرمی کی سہولت کاری کا الزام عائد کیا گیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان خواتین کو کہاں سے اور کیسے حراست میں لیا گیا ہے۔ لیویز حکام نے گرفتار خواتین کی شناخت کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔