’’کرکٹ بورڈ توڑ دو‘ ‘
مکرمی! پچھلے ماہ سری لنکن کرکٹ ٹیم ہماری ہوم گرائونڈز پر تینوں ٹی 20میچ اپنی جیت کے نعرے لگاتے ہوئے واپس چلے گئے۔ اب آسٹریلیا میں ہماری کمزور نا تجربہ کار کرکٹ ٹیم اننگز شکست سے دوچار ہو کر بیٹھ گئی ہے اور جب ایک دفعہ حوصلہ پست ہو جائیں تو پھر آئندہ کے مقابلوں میں جیتنے کیلئے آپ کا اٹھنا محال ہو جاتا ہے جس کے نتائج سے ساری قوم پر بہت بُرا اثر پڑتا ہے۔ کرکٹ ہاکی اور فٹ بال کے کھلاڑیوں پر کروڑوں ڈالر خرچ ہوتے ہیں اور وہ سب اپنی ٹیم کو فتحیاب کرتے ہیں قوم کو مایوس نہیں کرتے۔ ہمارا موجودہ کرکٹ بورڈ ناکامیوں کا باعث بن چکا ہے جو کرکٹ ٹیم کی ہر ناکامی پر قوم کو گمراہ کن جوابات سے نوازتے ہیں۔ سابقہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کو واپس بلایا جائے جنکے دور میں کرکٹ میں کافی اچھے نتائج حاصل ہوئے تھے اور دنیائے کرکٹ میں پاکستان کی موجودگی ایک قابل قدر پڑھے لکھے انسان سے ہو رہی تھی۔ کپتان صاحب (جناب عمران خان) آپ کے ہوتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کا یہ حال ہمیں منظور نہیں ہے آپ ایک دفعہ بھی کرکٹ گرائونڈ میں نہیں اترے نہ ہی آپ نے اپنے تجربوں سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کئے ہیں۔ کروڑوں روپیہ خرچ کرنے کے بعد ہمیں زیرو رزلٹ کیوں مل رہا ہے۔ (اختر مرزا‘ گلبرگ5‘لاہور)