اطلاعات ونشریات کے وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت قانون کی خلاف ورزی کرنے والے تمام افراد کے خلاف کارروائی کریگی اور ریاست کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔
ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ملک میں تمام شرپسندوں اور انتہا پسندوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوںکانیشنل ایکشن پلان پر اتفاق ہے تاہم بدقسمتی سے سابق حکومت اس پر پوری طرح عملدرآمد میں ناکام رہی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد کو یقینی بنائیگی۔ایک سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحریک لبیک پاکستان کی قیادت کے خلاف کارروائی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس سلسلے میں تمام مذہبی جماعتوں اور علماء کو اعتماد میں لیا ہے اور انہوں نے اس معاملے میں اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ایک اور سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں سمیت ملک کے دینی مدارس میں یکساں نصاب تعلیم وضع کریگی۔