قتل کے دومجرموں کو 25،25سال قید کا حکم
لاہور( اپنے نامہ نگار سے) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے قتل کے مقدمہ میں ملوث دو ملزمان علی حسن اور محمد عثمان کو جرم ثابت ہونے پر 25,25 سال قید کی سزا کا حکم سنادیا ہے۔دونوں مجرم آپس میں کزن ہیں۔ان کے خلاف تھانہ شاہدرہ پولیس نے 2016ءمیں مقدمہ درج کیا کہ ملزمان نے معمولی تلخ کلامی پر گولیاں مار کر نفیس نامی شہری کو قتل کر دیا تھا۔
محکمہ ماحولیات، لیبر ، پراسیکیوشن، ٹرانسپورٹ مےں کرپشن کا 10سالہ ریکارڈطلب
لاہور( اپنے نامہ نگار سے)محکمہ ماحولیات، لیبر ، پراسیکیوشن، ٹرانسپورٹ و دیگر محکموںمیں گزشتہ دس سالوں کے دوران ہونیوالی کرپشن کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں، بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزراءنے اپنے اپنے ماتحت محکموں میں گزشتہ دس برسوںکے دوران ہونیوالی کرپشن کے بارے میں معلومات جمع کرنا شروع کر دی ہیں،پنجاب بھرکے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو اس حوالے سے مراسلہ اور سوالنامہ بھیج دیا گیا ہے۔
منشا بم کے زمینوں پر قبضے کے متاثرین کو انصاف کی فراہمی کیلئے کمیٹی تشکیل
لاہور (سٹاف رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے منشا بم کی جانب سے زمینوں پر قبضے کے معاملے میں متاثرین کو انصاف کی فوری فراہمی کیلئے ایس پی صدر (لاہور )علی رضا کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کے دیگر ممبران میں ایس پی انویسٹی گیشن(لاہور) محمد راشدہدایت جبکہ ایل ڈی اے اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ سے ایک ایک خصوصی نمائندہ بھی کمیٹی میں شامل ہونگے آئی جی پنجاب کی ہدایا ت کے مطابق ایس پی صدر ہفتہ میں ایک بارکھلی کچہری منعقد کریں گے اور متاثرین کی شکایات براہ راست سنیں گے ۔
جعلی موبل آئل تیار کرنے والی فیکٹری کےخلاف کارروائی کی ہدایت
فیروزوالہ(نامہ نگار) جی ٹی روڈ کی آبادی چک نمبر 41کے قریب مبینہ طورپر محکمہ ماحولیات سمیت دیگر محکموں کے متعلقہ حکام کی ملی بھگت سے چلنے والی ایک فیکٹری کے خلاف چیف سیکرٹری پنجاب نے فوری طورپرکاروائی کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے یہ ہدایت پاکستان کے سابق سفیر اور ایسوسی ایشن آف فارمر ایمبیسڈرآف پاکستان حبیب الرحمن چوہدری کی درخواست پرجاری کی گئی ہے جس میں کہاگیا تھاکہ اس فیکٹری میں غیر قانونی طورپر جعلی موبل آئل کالے تیل کو جوش دے کر تیارکیا جاتاہے ۔
2مختلف مقامات پر آتشزدگی سے
لاکھوں روپے کا سامان جل گیا
لاہور(سٹاف رپورٹر)لوئر مال کے علاقہ میں2مختلف مقامات پر آتشزدگی سے لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاک ہو گیا،فائر برگیڈ اور ریسکیو کی ٹیمیوں نے آگ پر قابوپا لیا معلوم ہو ا ہے کہ لوئر مال کے علاقے بند روڈ پر پلاسٹک کے گودام میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔آگ اتنی شدید تھی جس کی وجہ سے لاکھوں کا سامان جل کر خا ک ہو گیا ۔
بند روڈ پر دوسرے مقام پر کا غذکے گودام میں آتشزدگی ،گودام میں موجود لاکھوں روپے کا سارا کاغذ جل گیا۔آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔