گنگارام ہسپتال کی نرسز کا ایم ایس کا بنایا ڈیوٹی روسٹر تسلیم کرنے سے انکار
لاہور (نیوز رپورٹر) سرگنگا رام ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور نرسز میں ڈیوٹی جھگڑا کے با عث گذشتہ روز مریضوں کے علاج معالجے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ نرسز نے ایم ایس کا بنایا ڈیوٹی روسٹر تعلیم کر نے سے انکار کر دیا اور ایم ایس کے دفتر کے سامنے شدید احتجاج کیا۔ نرسز نے مؤقف اختیار کیا کسی بھی ہسپتال میں نرسز کی ڈیوٹیاں لگانے کیلئے ڈیوٹی روسٹر نرسنگ سپرنٹنڈنٹ تیار کرتی ہے مگر ایم ایس ڈاکٹر وقار النبی باجوہ نے خود ڈیوٹی روسٹر تیار کیا۔ نرسز کی ایک بڑی تعداد ڈیوٹی روسٹر لے کر ایم ایس کے آفس میں پہنچ گئی اور وہاں ایم ایس اور نرسز کے درمیان بحث وتکرار ہوئی جس دوران نرسز نے ایم ایس کی جانب سے بنایا گیا ڈیوٹی روسٹر پھاڑ کر ان کی ٹیبل پر پھینک دیا اور وا پس چلی گئیں جس کے بعد ایم ایس اور نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کے درمیان ڈیوٹی روسٹر بنانے پر معاملات طے پا گئے اور آئندہ ڈیوٹی روسٹز نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ہی تیار کریں گی۔ ایم ایس ڈاکٹر وقا رالنبی باجوہ نے بتایا کہ اس قسم کا کوئی واقعہ نہیں ہوا ہے۔ ہسپتال کے معاملات روٹین کے مطابق چل رہے ہیں۔