روپے میں تنزلی سے بحران شدید ،ڈالر اکائونٹ رکھنے والوں کو رقم نکلووانے میں مشکلات
اسلام آباد(اے پی اے) ملک میں ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں تنزلی سے پیدا شدہ بحران شدت اختیار کر رہا ہے اور ایسی اطلاعات ہیں کہ کمرشل بنکوں میں ڈالر اکاؤنٹ رکھنے والے کھاتہ داروں کو اپنی رقوم نکلوانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ بنک اپنے کھاتہ داروں کو انکے چیک واپس کر رہے ہیں اور زبانی طور پر بتایا جارہا ہے کہ مہربانی کر کے چیک واپس لے لیں، ڈالر موجود نہیں ہیں۔ مارکیٹ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ڈالر کی قدر 110 روپے سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔آئی ایم ایف کو پے درپے اقساط اور دوسری بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے باعث سٹیٹ یبنک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے تین بلین ڈالر کے قریب ہیں جبکہ کمرشل بنکوں کے پاس کھاتہ داروں کے اس سے کچھ زائد حجم میں ڈالرز موجود ہیں۔