اہل قلم نے معاشرتی تبدیلی میں بھرپور کردار ادا کیا:چودھری سرور
لاہور (خبر نگار) میڈیا اور خصوصی طور پر اہل قلم حضرات نے معاشرتی تبدیلی میں بھرپور اور اہم کردار ادا کیا ہے۔ موجودہ حالات میں اہل قلم، کالم نگاروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں نوائے وقت کے کالم نگار فرحان قریشی کے کالم ’’طلوع آفتاب‘‘ کے کتابی مجموعے کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پنجاب اسمبلی کے سپیکر رانا محمد اقبال اور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت اہم شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ چودھری محمد سرور نے کہا فرحان قریشی کے کالم ’’طلوع آفتاب‘‘ کے نوائے وقت میں شروع ہوئے سفر کو تو کافی عرصہ ہو چکا ہے مگر آج گورنر ہائوس کی اس تقریب رونمائی کے بعد ہم سب اور عوام بھی طلوع آفتاب کی اس کتابی روشنی سے حقیقی معنوں میں مستفید ہونا شروع ہو جائینگے۔ فرحان قریشی نے شعور کی دہلیز پر قم رکھا تو اس وقت بھی اپنے سیاسی کردار کو ادا کرنے کیلئے ایسی جماعت کو چنا جس نے بابائے قائداعظمؒ کی قیادت میں ملک پاکستان حاصل کیا اور جب قلم سے رشتہ جوڑا تو اس وقت بھی اسی اخبار نوائے وقت کو چنا جس کی بنیاد ہی قائداعظم کی خواہش پر حمید نظامی مرحوم نے رکھی اور جس کی آبیاری حق اور سچ کے ساتھ مجید نظامی نے کی اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کیا خوب کر رہے ہیں۔ کالم نگار فرحان قریشی نے اپنی کتاب طلوع آفتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جب قلم اپنے ہاتھ میں تھاما تو ساتھ ہی جس جماعت سے سیاسی وابستگی تھی اس سے علیحدگی اختیار کر لی میرے نزدیک ایک کالم نگار کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر معاشرے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔