خواتین کا اغوا اور بے گناہوں کی گرفتاری ریاستی دہشتگردی ہے:علی گیلانی
سرینگر (این این آئی) چیئرمین حریت کانفرنس اور بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں خواتین کے اغواء اور بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاریوں ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے اور پولیس اغواء میں ملوث اہلکاروں کو گرفتار کرنے کی بجائے احتجاجی کرنے والوں کو ہی ظلم کا شکار بناتی ہے جبکہ عمر عبداللہ اور بھارت نواز سیاستدان اس ظلم کو امن کا نام دیتے ہیں - اپنے ایک بیان میں انہوں نے بھارت نواز سیاستدانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وی کے سنگھ کے انکشافات کے بعد صفائی دینے میں مصروف ہیں اور انہیں راز افشا ہونے کا ڈر لگا ہے، جبکہ عوام بھارتی افواج اور ریاستی پولیس کے ہاتھوں ناقابل بیان مصائب اور مشکلات جھیل رہے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔