کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق
کوئٹہ (این این آئی) کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 2افراد کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو کوئٹہ کے علاقے ایسٹرن بائی پاس بکرا منڈی کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص رحمان کو ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ جبکہ دوسرے واقعہ میں کلی محمد حسنی میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص سلمان کو ہلاک کر دیا اور فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی میں سکیورٹی فورسز نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا دی۔ گزشتہ روز ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع ملنے پر نامعلوم افراد کی جانب سے تخریب کاری کی غرض سے زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ قبضے میں لے کر ناکارہ بنا دی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔