ملک کسی فرقہ وارانہ شورش کا متحمل نہیں ہو سکتا: خالد شہزاد فاروقی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ خالد شہزاد فاروقی نے کہا ہے کہ ملک کسی فرقہ وارانہ شورش کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ حکومت ملک میں مذہب کے نام پر ہونے والی قتل و غارت‘ فسادات اور گھیرائو جلائو کے واقعات کا سدباب چاہتی ہے تو مذہب کے نام پر عبادت گاہوں سے باہر تمام جلوسوں پر پابندی عائد کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلحدیث لارنس روڈ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ مولانا اصغر فاروق‘ مولانا قاری عبدالقیوم ظہیر‘ میاں توقیر حفیظ‘ میاں عامر بشیر‘ شیخ عمر فاروق‘ رانا دائود‘ حافظ نواز‘ ظہیر احمد توحیدی‘ قاری آصف‘ قاری عبدالوحید سلفی اور دیگر بھی شریک تھے۔