فیصل بنک ٹی20 ٹورنامنٹ : نیشنل بنک ‘ یو بی ایل اور پی ٹی وی کی ٹیموں نے میچز جیت لئے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) فیصل بینک پی سی بی انٹر ڈیپاٹمنٹل ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پی آئی اے اورزرعی ترقیاتی بینک کے بعد یو بی ایل اور سوئی ناردرن گیس نے سیمی فائنلز کے لئے کوالیفائی کر لیا ۔ گذشتہ روز کھیلے جانے والے پہلے میچ میں نیشنل بنک نے سٹیٹ بنک کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے۔ سٹیٹ بنک کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19.3 اوورز میں صرف 76 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ گلریز صدف 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نیشنل بنک کی ٹیم نے ہدف 14.5 اوورز میں تین وکٹوں پر پورا کر لیا۔ حماد اعظم نے 27 اور اکبر رحمان نے 23 رنز بنائے۔ ایل سی سی اے گراونڈ میں یو بی ایل نے پی آئی اے کو 9 وکٹوں سے شکست دے۔ پی آئی اے کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 133 رنز بنائے۔ فیصل اقبال 33، فہد اقبال نے 32 اور فراز احمد نے 31 نمایاں رنز بنائے۔ یو بی ایل کی جانب سے کاشف بھٹی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 134 رنز کا ہدف یو بی ایل کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ عابد علی نے 62 اور وجیہہ الدین 50 رنز بناکر آؤٹ رہے۔ قذافی سٹیڈیم میں پورٹ قاسم کی ٹیم نے واپڈا کی ٹیم کو 9 رنز سے شکست دے دی۔ پورٹ قاسم کی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ شاہ زیب نے 101 اور خالد لطیف نے 45 نمایاں رنز بنائے۔ واپڈا کی ٹیم مقررہ اوورز میں تین وکٹوں پر 181 رنز تک پہنچ سکی۔ عدنان رئیس نے 57 ، عامر سجاد 42 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاہ زیب حسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایل سی سی اے گراونڈ میں کے آر ایل کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں پر 144 رنز بنائے۔ زین عباس نے 58، عثمان صلاح الدین نے 49 نمایاں رنز بنائے۔ جواب میں پی ٹی وی نے ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا کر میچ 3 وکٹوں سے جیت لیا۔ محمد نواز نے 50 اور محمد سمیع نے 26 نمایاں رنز بنائے۔ نواز احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔ آخری میچ میں سوئی گیس نے حبیب بنک کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔