مغرب ڈو مور کے بجائے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے، طالبان اور انکے پشت پناہوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ رحمان ملک
رینالہ خورد پاسپورٹ آفس کا افتتاح کرنےکےبعد تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بیس سال سے بین الاقوامی سازشوں کا شکار رہا ہے،اب کوئی دشمن پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کا ملکر مقابلہ کرنا ہے طالبان گروپ خود ایک دوسرے کےخلاف برسرپیکار ہیں، ہم طالبان کا پیچھا کرکےانہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے اور وہ دن دور نہیں جب ظالمان پاکستان سے نکل جائیں گے اور پاکستان میں ڈرون اٹیک بھی ختم ہوجائیں گے۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ صدرزرداری نے جرات مندی سےتمام سازشوں کا مقابلہ کیا، انکی بصیرت سےپیپلزپارٹی معمولی اکثریت کے باوجود اپنی مدت پوری کررہی ہےجبکہ بھاری مینڈیٹ والے ناقص حکمت عملی کےباعث صرف اٹھارہ ماہ ہی گزار سکے۔ انکا کہنا تھا کہ ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھا جائے، پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے مفاد میں قدم اٹھاتی ہے، پی پی کےساتھ دھوکا کرنے والوں کا حال سب کے سامنے ہے۔