چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں عرب پارلیمنٹ کے وفد کی ملاقات کی ہے جس میں انھوں نے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی عرب پارلیمنٹ کے وفد سے ملاقات میں دوطرفہ تعاون، ادارہ جاتی روابط اور پارلیمانی سفارتکاری سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ملاقات میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ پاکستان عرب ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون و تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے۔ پاکستان کے تمام مسلم ممالک اور بالخصوص عرب ممالک کے ساتھ تعلقات مثالی ہیں۔ عرب پارلیمنٹ عرب ممالک کا مشترکہ پلیٹ فارم ہونے کے باعث ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ان کا کہنا ہے کہ عرب پارلیمنٹ کا مجموعی کردار انتہائی لائق تحسین ہے۔ پاکستان عرب پارلیمنٹ میں بطور ابزرور کی حیثیت سے شمولیت کیلئے تیار ہے۔ عرب پارلیمنٹ عرب ممالک کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔پارلیمانی رابطہ کاری مستقبل کے تعاون کیلئے نئی راہ ہمورا کرے گی۔
چیئرمین سینیٹ نے ملاقات میں کہا ہے کہ مسائل کو سمجھنے اور حل نکالنے کیلئے بین الپارلیمانی رابطہ کاری میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں عرب پارلیمنٹ کیلئے قانون سازی سے متعلق تربیتی پروگرام ترتیب دیئے جا سکتے ہیں، سرمایہ کاری، تجارت اور افرادی قوت کے شعبوں میں معاونت کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے۔ گلوبلائزیشن کے اس دور میں دوطرفہ اور کثیر الجہتی معاونت کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، پاکستان مسلم اُمہ کے حقوق کے تحفظ کیلئے عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔خطے کی رابطہ کاری کو بڑھانے کیلئے پاکستان عرب دنیا کے ساتھ رابطہ کاری کے اقدامات اور منصوبوں کو اہم سمجھتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ عرب پارلیمنٹ کے وفد کا دورہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا، پاکستان کی خارجہ پالیسی، رابطہ کاری، شراکت دارانہ ترقی اور سماجی و اقتصادی خوشحالی اور امن کے پیغام پر منحصر ہے، ہم پائیدار ترقی پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان فلسطینیوں کے جائز حق کی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا، پاکستان مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے اور کسی بھی صورت اس اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔
دوسری جانب عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن الرحمن العسومی نے ملاقات میں کہا ہے کہ پاکستان کا دورہ کر کے بہت خوشی ہوئی ہے، پاکستان عرب دنیا کیلئے ایک اہم ملک ہے،ہم پاکستان کے ساتھ تعاون کو انتہائی اہم سمجھتے ہیں، اقتصادی ترقی و سماجی خوشحالی ہمارا مشترکہ عزم ہے اور اسی کو لے کر آگے بڑھیں گے۔
انھوں نے مزید کہا ہے کہ اس دورے سے پارلیمانی تعاون، ادارہ جاتی رابطوں اور کثیر الجہتی معاونت کیلئے راہیں ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ ملاقات میں عرب پارلیمنٹ کے سربراہ نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو عرب پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت اور خطاب کی دعوت دی ہے۔