اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کیسز کی تشویشناک صورتحال پر غوروخوض کیلئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس آج ہوگا جس کی صدارت وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد ہر گزرتے روز کے ساتھ بڑھ رہی ہے، روزانہ رپورٹ ہونے والے مثبت کیسز سیکڑوں سے نکل کر ہزاروں میں پہنچ گئے۔ آج ہونے والے این سی او سی اجلاس میں کورونا کی روک تھام کیلئے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی زیرِ صدارت آج ہونے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں کورونا کی نئی قسم ڈیلٹا کے ملک بھر میں پھیلاؤ سے پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال پر غور ہوگا جس کے خلاف ایس او پیز کی منظوری دی جائے گی۔این سی او سی اجلاس میں ملک بھر میں کورونا کے ڈیلٹا ویرئینٹ کی روک تھام کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ ویکسینیشن کے عمل میں شہریوں کے تعاون اور ویکسین لگوانے والوں کی تعداد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
شہرِ اقتدار اسلام آباد میں اتوار کے روز کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10 اعشاریہ 66 فیصد تک جا پہنچی جس کے متعلق ضلعی محکمۂ صحت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی سفارش کی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیاء نے ڈی سی اسلام آباد کو خط لکھ دیا۔
قبل ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) نے واضح ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت سمیت پاکستان کے جن شہریوں نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی ان کے موبائل عارضی طور پر بند کردیے جائیں گے۔
این سی او سی ہدایت پرگزشتہ ماہ وفاقی وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ان تمام پاکستانیوں کے بینک اکاؤنٹس ، موبائل سمز اور شناختی کارڈ عارضی طور پر بند کردیے جائیں گے جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہو گی
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024