مظفر آباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا جس میں نو منتخب اراکینِ اسمبلی حلف اٹھائیں گے اور بعض مخصوص نشستوں پر الیکشن ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں نو منتخب قانون ساز اراکین کی حلف برداری ہوگی۔ علماء، ٹیکنوکریٹ اور سمندر پار پاکستانی کی مخصوص نشست پر الیکشن ہوگا۔
آزاد کشمیر اسمبلی میں خواتین کی 5 مخصوص نشستوں کی امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکی ہیں جس سے اے جے کے اسمبلی میں تحریکِ انصاف کی نشستوں کی تعداد 29 ہو گئی۔آئندہ حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی۔ دوسری جانب آزاد کشمیر کے انتخابات کے بعد اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی 12 جبکہ ن لیگ کی نشستیں 7 ہو گئیں۔ آج ہونے والے اسمبلی اجلاس میں پی ٹی آئی، پی پی پی اور ن لیگ کے نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔
قبل ازیں وزارتِ امورِ کشمیر اسلام آباد میں پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے مشاورت مکمل ہوئی۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے انتخاب کے بعد حکومت سازی مکمل کی جائے گی۔
نو منتخب اراکینِ اسمبلی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں کوئی دھڑے بندی نہیں۔ مخصوص نشستوں پر مشاورت مکمل ہوجانے کے بعد آزاد کشمیر اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اراکین اپنے عہدے سنبھال لیں گے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن)،وزیر اعظم اور اسپیکر کے مشترکہ اُمیدواروں پر متفق ہوگئیں۔
ذرائع کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اسمبلی میں پارلیمانی تعاون کیلئے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان رابطہ ہوا، دونوں جماعتیں آزاد کشمیر اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر انتخاب کیلئے تعاون پر تیار ہوگئیں۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38