موٹروے پولیس نے چار سالہ برہان کو گھر والوں سے ملا دیا
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)موٹروے پولیس نے چار سالہ برہان کو گھر والوں سے ملا دیا۔ ایک اور کاروائی کے دوران 40 ہزار مالیت کا گمشدہ موبائل فون تلاش کر کے مالک تک پہنچا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چار سالہ برہان کلرکہار سروس ایریا میں رو رہا تھا کہ موٹروے پولیس نے روتے ہوئے بچے کو دیکھا تو معلومات لینے کی کوشش کی لیکن بچہ کچھ نہ بتا سکا۔ جس پر بچے کو حفاظتی تحویل میں لیتے ہوئے اس کے گھر والوں کی تلاش شروع کر دی گئی۔ بعدازاں بچے کے ماموں نقیب نے موٹروے پولیس سے رابطہ کر کے بچے کی گمشدگی کی اطلاع دی۔ نقیب اپنے خاندان کے ہمراہ لاہور سے مانسہرہ کی جانب سفر کر رہا تھا کہ کلرکہار سروس ایریا میں بچہ بھول گیا۔ بعدازاں بچے کو باحفاظت اس کے خاندان والوں کے حوالے کر دیا گیا۔ایک اور کاروائی کے دوران محمد اشرف نامی شخص نے اطلاع دی کہ ان کا موبائل فون دوران سفر کھو گیا ہے۔ موبائل کی قیمت 40 ہزار روپے تھی۔ موٹروے پولیس نے ضروری معلومات لینے کے بعد بھیرہ سروس ایریا کے اس ہوٹل سے موبائل فون تلاش کر لیا جس میں انہوں نے کھانا کھایا تھا۔ بعدازاں موبائل فون مالک تک پہنچا دیا گیا۔