منیر احمد یوسفی کے مشن کو جاری رکھا جائیگا: بشیر یوسفی ،خلیل یوسفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار )100 سے زائد کتابوں کے مصنف، معروف سماجی و مذہبی رہنما علامہ منیر احمد یوسفی کے دوسرے سالانہ عرس کی تقریب جامع مسجد نگینہ چائنہ سکیم میں منعقد ہوئی۔ مفتی خلیل احمد یوسفی اور شیخ فہد احمد یوسفی کی زیر نگرانی ہونے والی اس تقریب کی صدارت پیر بشیر احمد یوسفی نے کی۔ اسی تقریب میں علامہ منیر احمد یوسفی کے پیر ومرشد حاجی محمد یوسف علی نگینہ کے عرس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پیر خلیل احمد یوسفی آف سمندری پیر سید حسنین فاروق شاہ چورہ شریف والے ڈاکٹر راغب نعیمی، علامہ رضائے مصطفی نقشبندی،مولانا محمد علی نقشبندی، قاری عمران حنفی اور دیگر علما نے آپ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیاعلما نے کہا کہ علامہ منیر احمد یوسفی نے اپنی ساری زندگی تبلیغ و اشاعت دین اسلام کے لیے وقف کیے رکھی۔ پیر بشیر یوسفی اور مفتی خلیل یوسفی نے کہا ہم علامہ منیر احمد یوسفی کے سماجی و مذہبی مشن کو جاری رکھنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ منیر احمد یوسفی کا شمار تحریک ختم نبوت کے صف اول کے رہنماوں میں ہوتا ہے۔ اس موقع پر علما کا کہنا تھا کہ علامہ منیر احمد یوسفی کی سماجی و دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تقریب میں ایم پی اے خواجہ نذیر ایم این اے علی پرویز ملک سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عرس کے موقع پر آپ کی سیرت پر لکھی گئی کتاب منیر مصر محبت علما کرام کو پیش کی گئی۔