زندہ جلایا جانیوالا فلسطینی بچہ سپردخاک‘ غرب اردن میں ہنگامے پھوٹ پڑے‘ توڑ پھوڑ
نابلس (اے این این+ بی بی سی ) انتہا پسند یہودیوں کی وحشیانہ کارروائی میں زندہ جلا کر شہید کئے گئے ڈیڑھ سالہ فلسطینی بچے علی سعد دوابشہ کو مغربی کنارے کے نابلوس شہر میں ایک مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جنازے کے جلوس میں شریک فلسطینی شہریوں نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور معصوم بچے کے وحشیانہ قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شہید فلسطینی بچے کو جنوب مشرقی نابلوس میں دوما قصبے کے ایک قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔ یہودیوں کے حملے میں زندہ جلائے گئے بچے کے والدین اور ایک بھائی ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ یہودی انتہا پسندوں کی وحشیانہ اور غیر انسانی کارروائی کے بعد پورا فلسطین غم سے نڈھال ہے اور صہیونی ریاست کے خلاف سخت غم وغصے کی فضا پائی جا رہی ہے۔ عرب اردن میں ہنگامے پھوٹ پڑے۔ مظاہرین نے توڑ پھوڑ بھی کی۔ تنظیم آزادی فلسطین(پی ایل او) نے اسرائیلی حکومت کو اس واقعے کا مکمل طور پر ذمے دار قرار دیا ہے۔ پی ایل او کے سرکردہ عہدے دار صائب عریقات نے ایک بیان میں کہا کہ ہم اسرائیلی حکومت کو کم سن بچے علی سعد دوابشہ کے سفاکانہ قتل کا مکمل ذمے دار قرار دیتے ہیں۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے ناقابل معافی مجرمانہ اقدام قراردیتے ہوئے مجاہدین سے اس کا انتقام لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوحہ سے جاری بیان میں خالد مشعل کا کہنا تھا کہ نہتے فلسطینی خاندان کو زندہ جلانے کی وحشیانہ کارروائی کسی انسانی اور اخلاقی دائرے میں نہیں۔ اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر اور سابق وزیراعظم اسماعیل حانیہ نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچے کو زندہ جلانا پوری فلسطینی قوم کو قتل کرنے کے مترادف ہے۔ اسماعیل حانیہ نے شہید علی دوابشہ کے اہل خانہ سے ٹیلیفون پر بات کی اور بچے کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انتہا پسند اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اس حملے کو ہر اعتبار سے دہشت گردی قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ مقبوضہ غرب اردن میں فلسطینی بچے کے قاتلوں کو ان کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ خیال رہے کہ یہ 18 ماہ کا فلسطینی بچہ یہودی آبادکاروں کی جانب سے آتش زنی کے واقعے میں شہید ہو گیا ہے۔