وزارت داخلہ کا 20 ہزار سے زائد افراد کے نام ای سی ایل سے ہٹانے کا فیصلہ
اسلام آباد (محمد نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ نے آئندہ چند روز میں 20 ہزار سے زائد افرادکے نام ای سی ایل سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اسی طرح وزارت داخلہ انٹرنیشنل این جی اوز سے متعلق پالیسی جو تیاری کے آخری مراحل میں ہے، آئندہ ہفتے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو پیش کر دی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے پنجاب سمیت دیگر صوبائی حکومتوں کی جانب سے بھیجے جانے والے ناموں کو ای سی ایل پر ڈالنے سے انکارکر دیا اورکہاکہ جب کسی شخص کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کا معقول جواز پیش نہیں کیا جائیگا، اس نام کو ای سی ایل پر شامل نہیں کیاجائیگا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان‘ ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد ساجد کیانی کو بھارہ کہو‘ سبزی منڈی اور ترنول میں ’’فنشنگ‘‘کیلئے ایک ماہ کا ٹارگٹ دیا ہے۔ ساجد کیانی نے آئی الیون ۔ ون میں غیرقانونی بستی کو مسمار کرنے کا ہدف 3 روز میں مکمل کرلیا۔