بھارت نے گرفتار خاتون چندا سے متعلق تاحال معلومات دیں نہ بغیر ثبوت جاسوس قرار دینا درست ہے: پاکستان
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے شہر جالندھر میں پاکستانی خاتون چندا بی بی کو بغیر ثبوت جاسوس قرار دینا درست نہیں، بھارتی حکام نے چندا بی بی سے متعلق تاحال معلومات فراہم نہیں کیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان خلیل اللہ قاضی نے کہا کہ نئی دہلی میں موجود پاکستانی ہائی کمشنر گرفتار پاکستانی خاتون چندا بی بی سے متعلق تفصیلات کے حصول کیلئے بھارتی وزارت خارجہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے گرفتار پاکستانی خاتون چندا بی بی کو جاسوس قرار دیئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے شہر جالندھر میں پاکستانی خاتون چندا بی بی درگاہ پر ماموں کے ہمراہ حاضری دینے آئی تو رش اور دھکم پیل میں ماموں سے بچھڑ گئی اس دوران پولیس نے پاکستانی خاتون چندا بی بی کو گرفتار کر لیا اور 2 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر کے تفتیش شروع کر دی۔ دریں اثناء دو دن کی تفتیش کے بعد بھی پولیس ’’چندا‘‘ سے کچھ حاصل نہ کر سکی۔ چندا امر تسر پولیس کی تحویل میں دو دن کے ریمانڈ پر ہے۔ بھارتی پولیس کے مطابق چندا ذہنی طور پر معذور ہے۔ پولیس نے چندا کے ساتھ سفر کرنے والے ٹرین مسافروں سے تفتیش کا فیصلہ کیا ہے۔ سمجھوتہ ایکسپریس کے ٹکٹ چیکر سے بھی پوچھ گچھ ہو گی۔ آن لائن کے مطابق چندا بی بی کے حوالے سے دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی وزارت خارجہ سے رابطہ کیا اور تحریری وضاحت طلب کی۔