پی ٹی آئی کے ارکان کو اب اسمبلی میں نہیں جانا چاہئے: عمران
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو اب اسمبلی میں نہیں جانا چاہئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اسمبلی سے نکالیں، ہم پھر عوام کی عدالت میں جائیں گے۔ دعا کررہا ہوں، یہ ہمیں اسمبلی سے نکالیں، ہم پھر جیت کر آئیں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کی ری پولنگ میں تحریک انصاف کی برتری پارٹی کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔ بلدیاتی الیکشں میں جیت پر پی ٹی آئی خیبر پی کے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کیا ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں جیت سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ خیبر پی کے کے عوام تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور خیبر پی کے سمیت پورے ملک میں تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کی ری پولنگ میں جیت پر خیبر پی کے کی حکومت اور کارکنوں کو مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر عوام نے جو اعتماد کیا ہم ان کے اعتماد پر پورا اترنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
عمران خان