اراضی پر قبضہ ختم نہ کرانے پر سیکرٹری تعلیم، ڈی سی او لاہور، ای ڈی او تعلیم، پرنسپل کے وارنٹ جاری
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سول جج نے عدالتی احکامات کے باوجود شہری کی اراضی پر غیرقانونی طور پر قائم کئے گئے سکول کو ختم نہ کرانے پر سیکرٹری تعلیم، ڈی سی او، ای ڈی اور سکول کے پرنسپل کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔ عدالت نے یہ احکامات مقامی شہری محبوب عالم کی درخواست کی سماعت کے دوران جاری کیا۔ درخواست میں موقف اختیارکیا گیا تھا کہ بااثر قبضہ گروپ نے سائل کی گڑھی شاہو میں واقع 35مرلے اراضی پر قبضہ کرکے ا س پر سکول قائم کر دیا ہے۔ اراضی واگزار کرائی جائے۔ عدالت نے اس درخواست پر سیکرٹری تعلیم ، ڈی سی او اور ای ڈی کو حکم دیا تھا کہ مذکورہ اراضی پر قائم کئے گئے سکول کو ختم کراکے شہری کی اراضی واگزار کرائیں ۔ مذکورہ افراد نے ان واضح احکامات کے باوجود درخواست گزا رکی اراضی واگزار نہیں کرائی تو اس نے داد رسی کے دوبارہ عدالت سے رجوع کر لیا عدالت نے گڑھی شاہو پولیس کو حکم دیا کہ وہ مذکورہ افراد کو گرفتا رکرکے3ستمبر کو عدالت میں پیش کرے۔