محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا جائیگا: صوبائی وزیر صنعت
محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا جائیگا: صوبائی وزیر صنعت
لاہور ( سٹی رپورٹر) پنجاب کے وزیر صنعت چودھری محمد شفیق نے کہا ہے کہ حکومت تمام صوبائی محکموں کو بہتر بنانے کے لیے نیا مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروانے پر غور کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بات لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر فاروق افتخار نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔ صوبائی وزیر صنعت نے کہا کہ چیک اینڈ بیلنس کا نیا سسٹم متعارف کروانے کا مقصد معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے جو بہت سے مسائل کی وجہ سے ماند پڑ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت بجلی اور گیس کی قلت پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہیں مگر توانائی کی پیداوار کے منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے کچھ وقت درکار ہوگا۔ قطر سے ایل این جی کی درآمد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ترکش کمپنی کے ساتھ بات چیت ابتدائی مراحل میں ہے ، کمپنی نے کراچی سے لاہور تک پائپ لائن کا کام 15 مہینے میں مکمل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔