اسرائیل غزہ کا محاصرہ ختم‘ فلسطینیوں کو رہا اور یہودی آبادکاری کو روک دے : اقوام متحدہ
نیویارک (ثناءنیوز) نیویارک میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی نے ایک بار پھر اسرائیل سے غزہ کا معاشی محاصرہ فوری طور پر اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انسانی حقوق کمیٹی نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ جیلوں میں قید فلسطینیوں پر تشدد بند کرے اور مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آبادکاری روک دے، کیونکہ اس سے عالمی ادارے کے قواعد کی بھی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق نیویارک میں انسانی حقوق کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر آنے والے امدادی بیڑے فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ کمیٹی نے حملے کی تحقیقات کے لیے جلد تحقیقاتی کمیشن تشکیل دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں نہایت تشویشناک ہیں۔ اسرائیل عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں کے چارٹر کی خلاف ورزی نہ کرے۔ کمیٹی نے جیلوں میں فلسطینی قیدیوں پر ہونے والے بہیمانہ تشدد کو بھی سنگین جرم قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل فلسطینی قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک بند کرے۔ اس کے علاوہ مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں غیر قانونی یہودی آبادکاری کا سلسلہ بھی فوری طور پر بند کیا جائے۔