وفاقی حکومت نے فلائٹ آپریشن شروع کیا تو اسے ہر مسافر کی تشخیص کرنی ہوگی: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی(نیوزرپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے کورونا وائرس کے کیسز پر وزیراعظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وفاقی حکومت فلائٹ آپریشن شروع کررہی ہے تو اسے ایئرپورٹ پر ہر ایک مسافر کی تشخیص کیلئے ایس او پی تیار کرنا ہوگی اور قرنطینہ کیلئے ضروری انتظامات بھی کرنا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس تاثر کو رد کیا کہ انہوں نے سامان کی آمدورفت پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ انہوں نے کہا نہیں بالکل نہیں، لاک ڈاؤن کے عرصے کے دوران اشیاء کی ٹرانسپورٹ کا آپریشن جاری رہاہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ پہلے سے ہی فوڈ سیکیورٹی کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا محکمہ خوراک سندھ نے گذشتہ پیر سے گندم کی خریداری شروع کردی ہے اور ہم نے 1.4 ملین ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء سے متعلق کاروبار اور صنعتوں کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا ہاں، کچھ مشکلات ضرور ہیں کیونکہ ہم ایک غیر معمولی صورتحال سے گزر رہے ہیں لیکن ساتھ ہی جب اور جیسے مسائل کی نشاندہی ہوتی ہے ہم ان مسائل کو حل بھی کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے 14 اپریل تک لاک ڈاؤن جاری رکھنے کی تجویز کی حمایت کی ہے۔