کرتارپور راہداری کھولنے سے بھارت کیساتھ تعلقات بہتر بنانے میں مدد ملے گی، سکھ برادری کو مذہبی سیاحت کا بھی موقع ملے گا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کرتارپور راہداری کھولنے سے نہ صرف بھارت سے تعلقات بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ سکھ برادری کو مذہبی سیاحت کا بھی موقع ملے گا۔منگل کے روز اسلام آباد میں سیاحت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بدھ مت کے پیروکاروں کے سیاحتی مقامات بھی جلد کھولے جائیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ویزا پالیسی کو ازسر نو مرتب کیا گیا ہے۔ویزا فیس کم کی گئی ہے تاکہ دنیا بھر سے سیاحوں کو راغب کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ 175 ملکوں کے شہریوں کو آن لائن ویزا سہولت فراہم کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرحدوں کی طرف جانے والی تمام شاہراہیں غیر ملکیوں کیلئے کھولی جائیں گی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک سفارت خانے پانچ سال کیلئے ملٹی پل ویزے جاری کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری ہوا بازی کی نئی پالیسی سے شمالی علاقوں میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ غیرملکی ایڈوائزریوں کے خاتمے کیلئے ٹھوس کوششیں کررہا ہے جس کے نتیجے میں پرتگال نے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری ختم کر دی ہے جبکہ کینیڈا نے اسے نرم کر دیا ہے۔وزیر خارجہ نے کہاکہ سیاحت کے فروغ کو کامیاب بنانے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مربوط انداز میں کام کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاحت اور ادب کے فروغ کیلئے تمام شراکت داروں کو ساتھ لیکر چلنے کیلئے نیشنل ٹورازم کو آرڈیننس بورڈ تشکیل دیا گیا ہے
#/S