اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 19 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا جب کہ کابینہ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلہ کی بھی توثیق کی جائے گی۔ کابینہ اجلاس میں اب تک کے حکومتی فیصلوں پر عمل درآمد کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
کابینہ اجلاس میں غربت کے خاتمہ اور سوشل پروٹیکشن کے قیام کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے جب کہ کابینہ میں مختلف ائر لائنز کے لائسنز کی تجدید پر بھی غور کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں مختلف اداروں میں تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ صنعتی پالیسی کی تشکیل نو کا ازسرنو جائزہ بھی لے گی۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور ملائیشیا کی نیشنل آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کے درمیان معاہدوں کی یاداشت پر دستخط کی منظوری بھی دی جائے گی۔
قومی ائرلائن (پی آئی اے) کے نئے چیف ایگزیکٹیو کی تقرری کی منظوری، آئی پی او بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری اور کابینہ سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ کی تقرری کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل کی گئی ہے جب کہ نیشنل انڈسٹریل ریلشنز کمیشن کے 3 ارکان کی تقرری بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔اجلاس میں حکومت پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین توانائی منصوبوں پر معاہدوں کی توثیق کی جائے گی جب کہ کابینہ ویژن ائر کے لائسنس میں توسیع کی منظوری بھی دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ماہانہ اتار چڑھاؤ کا بھی جائزہ لیا جائے گا جب کہ مختلف اداروں اور وزارتوں کے دیگر ممالک سے معاہدوں کی منظوری بھی دی جائے گی۔ کراچی گارمنٹس سٹی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری بھی کابینہ اجلاس کا حصہ ہے۔