پاکستان ایک نظریاتی اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بننے والی مملکت ہے: شاہد رشید
فیصل آباد(نما ئندہ خصوصی)ریاست مدینہ نشان منزل سیمینار نظریہ پاکستان فورم کے زیر اہتمام نظریہ پاکستان ہال میں صدر میاں عبد الوحید کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے مرکزی جنرل سیکرٹری شاہد رشید،مولانا محمد ریاض کھرل، خالدہ منصور ایم پی اے، حاجی محمد عابد،محمد ارشد قاسمی ،میاں رفعت قادری، رانا سکندر اعظم،شیخ محمد افضال شاہین، چوہدری محمد سلیم،پیر صدیق الرحمن ،حافظہ صبا امین و دیگر نے خطاب کیا، شاہد رشید نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بننے والی مملکت ہے قائد اعظم کی ولولہ انگزیز قیادت ہی کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں نے آزادی حاصل کی۔پاکستان کا قومی نغمہ ہی اس کی ہر سمت کا تعین کر رہا ہے، حفیظ جالندھری نے خود فرمایا تھا کہ یہ ترانہ مجھے سے خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لکھوایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان فورم کے مرحوم صدر میاں عبد الکریم کی قومی خدمات کے اعتراف میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی جانب سے گولڈ میڈل صدر مملکت ڈاکٹر محمد عارف علوی کے دست مبارک سے8 اپریل کو تقریب میں ان کے صاحبزادے کو دیا جائے گا۔ مولانا محمد ریاض کھرل نے کہا کہ قرآن پاک ایک مکمل ضابطہ اخلاق و حیات ہے۔ خالدہ منصورنے کہا کہ خواتین کی ترقی کے لیے میں ایک عرصہ سے کوشاں ہوں ۔میاں عبد الوحید نے کہا کہ نظریہ پاکستان ایک تحریک ہے ۔ رفعت قادری ایڈووکیٹ ، رانا سکندر اعظمٗ شیخ محمد افضال شاہین نے بھی خطاب کیا جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی نے نیابت کے فرائض سر انجام دیے جبکہ حاجی محمد عابد نے تلاوت قرآن مجید، مس صبا امین اور پیر صدیق الرحمن نے ہدیہ نعت پیش کیا۔