سر براہ رائل عمان ایئر فورس کے پاک فضائیہ‘ نیول ہیڈ کوارٹرز کے دورے
اسلام آباد ( اے پی پی ) رائل عمان کی فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فائیہ اور نیول ہیڈ کوارٹرز کے دورے کئے ہیں، جہاں ان کا بھر پور استقبال کیا گیا اور سلامی پیش کی گئی۔رائل عمان فضائیہ کے کمانڈر، ائیر وائس مارشل متار علی متار العبیدنی گزشتہ روز کو ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ کمانڈر رائل عمان فضائیہ نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھا ئی۔ بعد ازاں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان سے انکے آفس میں ملاقات کی۔ باہمی پیشہ ورانہ امور کے علاوہ علاقائی امن و استحکام کی صورتحال پر تبادلہ ء خیال کیاگیا۔ کمانڈر رائل عمان فضائیہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا او حالیہ سالوں میں پاک فضائیہ کی حاصل کردہ کامیابیوں کی تعریف کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے رائل عمان فضائیہ کو ا یوی ایشن کے شعبے اور فوجی تربیت میںبھر پور مدد اور تعاون کی پیشکش کی۔دریں اثناء ایئر وائس مارشل نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا بھی دورہ کیا جہاں پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی بشمول پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے بحری دہشت گردی اور قزاقی کی جنگ خصوصاً بحر ہند میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے اقدام میں پاکستان کے عزم و کردار پر روشنی ڈالی۔ عمان کی رائل فضائیہ کے سر براہ نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔