بیوی پر تشدد کیس کی سماعت، ملزم کو ساتھی سمیت جیل بھجوا دیا گیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) بیوی پر تشدد کرنے اور سر مونڈنے کے الزام میں گرفتار شوہر اور اس کے ساتھی کو عدالت نے مدعیہ کی میڈیکل رپورٹ آنے تک جیل بھیج دیا ہے۔ ماڈل ٹائون کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ شاہد ضیا نے خاتون پر تشدد کیس کی سماعت کی۔ کاہنہ پولیس نے مقدمہ کے ملزمان میاں فیصل اور راشد کو 4 روزہ ریمانڈ ختم ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا جبکہ اسما عزیز بھی اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ سماعت میں مدعیہ نے بیان دیا کہ انہیں دوست کے سامنے رقص نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اس ظالم اور درندہ صفت شخص کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ عدالت نے مدعیہ سے پوچھا کہ کیا آپ کے بال مشین سے کاٹے جس کا انہوں نے اقرار میں جواب دیا۔ دوسری جانب اسما کے شوہر فیصل کا کہنا تھا کہ اگر میں غلط ہوا تو میں اپنی سزا بھگتنے کے لیے تیار ہوں، سارے اسما کے وکیل بنے ہوئے ہیں میری بات کوئی نہیں سن رہا۔ دوسری جانب پولیس نے دونوں ملزمان سے تفتیش اور برآمد ہونے والی اشیاء کی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ بعدازاں جوڈیشل میجسٹریٹ نے حتمی فیصلہ مدعیہ کی میڈیکل رپورٹ آنے تک موخر کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو جیل بھیج دیا۔