ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن، ورلڈ کپ سے قبل اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا: مکی آرتھر
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)آسٹریلیا کے خلاف 5 ون ڈے پر مشتمل سیریز میں 0-5 سے وائٹ واش کے باوجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔دبئی میں کینگروز کے ہاتھوں عبرتناک وائٹ واش کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ہم انگلینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل اپنے کھلاڑیوں کو آرام کروانا چاہتے تھے۔قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ یہاں ہمارے بارے میں بڑے کھلاڑیوں کو آرام دینے کی بحث ہوگی، تاہم ہمیں ایسا کرنا تھا اور ورلڈ کپ سے قبل اپنے دیگر کھلاڑیوں کو بھی موقع دینا تھا جو ڈومیسٹک اور لسٹ اے کرکٹ میں بہترین فارمنس دیتے آرہے ہیں۔مکی آرتھر نے ٹیم کے وائٹ واش کے بعد بھی کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سیریز میں جو مثبت چیز ہمیں دکھائی دی وہ سیزیز کے دوران پاکستانی بلے بازوں کی جانب سے لگائی گئی 5 سنچریاں ہیں جبکہ اس کے علاوہ ہمیں ایک بیٹسمین اور ایک فاسٹ باؤلر بھی ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سیریز ہارنا نہیں چاہتا، ہم ہر مرتبہ سیریز جیتنے کے خواہش مند ہیں، لیکن اس وقت ہم اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ میدان میں نہیں اترے۔مکی آرتھر نے کہا کہ آرام دیے جانے والے کھلاڑی گزشتہ برس ستمبر سے مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں۔