بھارت ظلم اور جبر سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کو نہیں دبا سکتا: شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد : وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بھارت ظلم اور جبر سے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کو نہیں دبا سکتا ، بھارت اقوام متحدہ کے فیکٹس فائندنگ مشن کو مقبوضہ جانے کی اجازت دے،اقوام متحدہ کشمیر کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کرے ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھارتی ریاستی دہشت گردی اور کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم اور جبر سے حق خود ارادیت کی جدوجہد کو روکنا ممکن نہیں ۔مقبوضہ کشمیر میں ایک درجن سے زائد کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر وزیراعظم نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ عوام کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے نہیں جوڑا جاسکتا اور ظلم و جبر سے حق خودارادیت کو نہیں دبایا جاسکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کے فیکٹس فائنڈنگ مشن کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دے اور یو این سیکرٹری جنرل کشمیر کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کریں۔دوسری جانب وزیر خارجہ خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ کشمیر کو خون میں نہلا دیا گیا ہے، درجنوں بیٹے شہید کردیے گئے ہیں، کشمیری لاشیں گن رہے ہیں اور جوان جنازے اٹھا رہے ہیں، بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیری نوجوان نسل ختم کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری خون عالمی ضمیر کو جنجھو ڑ رہا ہے جب کہ پاکستان اس آزمائش میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ محکوم کشمیری 70سال سے بھارتی ظلم کا شکار ہیں، پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی و سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ یاد رہے کہ گذشہ روز بھارتی سیکیورٹی فورسز کے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 20 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا تھا۔