منڈیوں کی شہر سے باہر منتقلی کا کام آر ڈی اے کے سپرد کیا جا چکا ،کام جاری ہے، سردار نسیم
راولپنڈی(نیوز رپورٹر )مرکزی انجمن تاجران کے وفد نے صدر شاہد غفورر پراچہ کی قیادت میں مئیر سردار نسیم سے خصوصی ملاقات کی جس میں چیر مین میٹرو پروجیکٹ حنیف عباسی اور سابق ایم این اے شکیل اعوان بھی موجودتھے۔انہوں نے ملاقات میں مئیر سردار نسیم سے کہا کہ ٹی ایم اے کی پرانی بلڈنگ جس میں کثیر منزلہ پارکنگ پلازہ کی منظوری وزیر اعلی پنجاب نے دی تھی اس پر جلد کام شروع کیا جائے اور شہر کے ہر مین چوک کے قریب بھی ایک پارکنگ پلازہ بنایا جائے۔ جبکہ ہول سیل منڈیوں کی شہر سے باہر منتقلی کے منصوبے پر بھی عملی طور پر کام شروع کیا جائے۔شہر میں ٹریفک جام کے مسائل پر قابو پایا جائے تا کہ بازاروں میں خریداروں کو آسانی ہو۔اور مون سون سے قبل شہر کے تمام نالوں کی صفائی کی جائے تا کہ بازاروں میں سیلابی صورتحال اور تاجروں کے ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے ۔سردار نسیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منڈیوں کی شہر سے باہر منتقلی کا کام آر ڈی اے کے سپرد کیا جا چکا ہے جس پر کام جاری ہے۔ٹی ایم اے کی بلڈنگ کو جلد گرا کر پارکنگ پلازے کی تعمیر شروع کی جائے گی۔اور اور مون سون سے قبل نالوں کی صفائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا،۔اور ٹریفک جام کے مسلے کو بھی حل کیا جائے گا۔ملاقات مین تاجروں کی تمام تجاویز پر اتفاق رائے کیا گیا۔ملاقات میں تاجر نمائندے راجہ توحید،طارق جدون،اصغر خان،عبدالوحید پراچہ ،خرم محمود رانا،عبدالماجد،انجم نزیر،محمد عمر،سہیل اختر اور بلال خان سمیت بیسیوں تاجر نمائندوں نے شرکت کی،