یو سی 45مسائل کی آماجگاہ ، سٹریٹ لائٹس ناپید ،ناجائز تجاوزات ، قبرستان کیلئے اراضی کا مسئلہ حل نہ ہوسکا
راولپنڈی ( موبائل فورم رپورٹ‘ سلطان سکندر/ تصویر‘ سجاد حیدر) ساٹھ ہزار سے زائد آ بادی پر مشتمل یو سی 45 گوناگوں مسائل کی آما جگاہ ہے معروف ٹیپو روڈ پر سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے اندھیروں کا راج ہے قبرستان کے لیے واپڈا گراؤنڈ یا ریلوے کی اراضی نہ ملنے کی وجہ سے مسلم لیگی رہنما شکیل اعوان کے اعلان پر عملدر آمد نہ ہوسکا ناجائز تجاوزات کا مسئلہ آریہ محلہ جاوید کالونی‘ چمن زار کالونی کے لیے سوہان روح بنا ہوا ہے نکاسی آب کے نالے پر تجاوزات کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے برساتی پانی محلوں میں داخل ہو کر لوگوں کے گھروں میں تباہی مچا دیتا ہے۔ ریلوے پھاٹک اور موتی محل سے چمن زار کالونی محلقہ سڑک اور بازار میں تجاوزات کی بھرمار ہے سکول ٹائمز میں ریلوے پھاٹک کے علاقے میں ٹریفک جام ہو کررہ جاتی ہے یو سی چیئرمین اور سابق ایم این اے حنیف عباسی کی کوششوں سے سوئی گیس کی منظور شدہ سکیم پر عملدرآمد سے مسلم کالونی اور چمن زار کالونی میں سوئی گیس کی کمی کا مسئلہ حل ہونے کی امید ہے۔ ان خیالات کا اظہار یو سی 45 کے چیئرمین ملک سلطان محمود وائس چیئرمین شوکت خان زکجوۃ کمیٹیوں کے چیئرمین محمد رمضان ‘ چوہدری اسماعیل‘ کونسلرز صلاح الدین‘ راجہ ابرار حسین‘ اصغر خان‘ عرفان شوکت‘ ممبر زکوۃ کمیٹی محمد ذوالاکفل نے اتوار کے روز یہاں چمن زار کالونی میں نوائے وقت موبائل فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ ملک سلطان محمود کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی‘ سردار نسیم اور شکیل اعوان کی کوششوں سے متعدد مسائل حل ہوئے ہیں البراک کے آنے سے صفائی کا نظام درست چل رہا ہے سرکاری سکول اور ڈسپنسری سے عوام کو بہتر تعلیمی اور طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں یو سی 45,42 اور 44 کے سنگھم پر واقع حفیظ روڈ کو پختہ کرنے کے لیے سجاد خان اور دیگر چیئرمین نے تعاون کا یقین دلایا ہے انہوں نے کہا کہ میئر کی دلچسپی سے چمن زار میں کمیونٹی سنٹر کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جس میں شادی ہال اور یو سی دفتر بھی شامل ہوگا اس موقع پر آریہ محلہ کے نمائندوں نے برساتی نالے پر تجاوزات ختم کرکے برساتی اپنی کا رخ دوسرے نالے میں تبدیل کرکے مکینوں کو برسات میں نقصانات سے بچانے اور آریہ محلہ بازار میں تجاوزات کو ہٹا کر ٹریفک میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا‘ ملک سلطان محمود نے کہا کہ واسا کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے برساتی نالے سے طغیانی کے مسئلے کا موقع پر جائزہ لیا اور ہم اسے حل کرنے کے لیے واسا سے رابطے میں رہیں گے۔