کشمیر لہولہان ہے‘ پاکستان یوم سیاہ کا اعلان کر ے‘ آسیہ اندرابی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کا وہ پیغام سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے اتوار کے روز بھارتی فوج کے ہاتھوں بارہ کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر کا نوحہ بیان کیا ہے۔ آسیہ اندرابی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کشمیر لہو لہان ہے، لوگ ہر طرف لاشیں گن رہے ہیں، ہر طرف مساجد میں پاکستان کے ترانے بج رہے ہیں،آسیہ اندرابی نے پاکستان سے التجاء کی کہ آج پاکستان یوم سیاہ کا اعلان کرے، اپنے کشمیریوں کیساتھ، کشمیر کیساتھ،غیور کشمیری مسلمانوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ منائیں،مقبوضہ کشمیر کے باسی پاکستان اور اسلام کیلئے جانیں دے رہے ہیں، کشمیری مجاہد بھارتی بربریت کا بیمثال مقابلہ کر رہے ہیں، کشمیر کے لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہر مسجد سے، ہر طرف فضاؤں میں پاکستان کے ترانے ہیں، اس پرچم کے سائے تلے آنا ہے، پاکستان ہمارا ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ کسی طرح ان کا یہ پیغام جہاں تک پہنچا سکیں پہنچائیں۔