پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی ہے، مریم اورنگزیب
کراچی (این این آئی) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہا ہے اور ہمیں اس جنگ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ وفاقی حکومت کی کاوشوں کے سبب ملک میں امن قائم ہوا ہے۔ عوام کے مسائل کے حل کے لئے حکومت اپنی کوششیںجاری رکھے گی۔ کراچی میں فلم فیسٹیول اور پاک ویسٹ انڈیز سیریز کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام فریئر ہال میں فلم فیسٹیول کی ایوارڈ تقسیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان فلم فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند ہے۔ اس فیسٹیول کے انعقاد سے لوگوں کو تفریح کے مواقع میسر آئے ہیں۔ پاکستان کی نوجوان نسل بہت ذہین ہے اور ملک کی ترقی نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ حکومت فلم انڈسٹری کی ترقی کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ بعد ازاں انہوں نے نمایاں کارکردگی کے حامل فلم فیسٹیول کے شرکاء میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔