بنی کریم ؐکی محبت وہ عظیم ترین خزانہ ہے جو ربِ کریم تک پہنچاتا ہے،پیر محمد نقیب الرحمن
راولپنڈی(نیوز ڈیسک)عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشواپیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور بنی کریم ؐ کی محبت وہ عظیم ترین خزانہ ہے جو ربِ کریم تک پہنچانے والا ہے ۔اہل ِ بیت ِ اطہار و صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی ٰ علیہم اجمٰعین اور اولیائے امت نے سچے دل سے نہ صرف محبت ِ رسول کریم ؐ کو اختیار کیا بلکہ مخلوقِ خدا کے دلوں کو بھی اسی محبت سے رنگ ڈالا ۔ عید گاہ شریف کا ایک ہی مشن اور مقصد ہے کہ مخلوقِ خدا کے دلوں کو محبت ِ رسولِ کریم ؐ سے رنگا اور بھرا جائے اور مخلوقِ خدا کا تعلق دربارِ رسالت مآب ؐ سے مضبوط سے مضبوط تر کیا جائے ۔ لاہو ر میں نئی آبادی کے مقام پر منعقدہ یہ عظیم الشان محفلِ میلاد مصطفی ؐ بھی اسی محبت کو فروغ دینی کی کڑی ہے ۔ محافلِ میلاد پاک و نعت ِپاک ؐ وہ عظیم محافل ہیں جن سے کوئی بھی کبھی بھی خالی نہیں لوٹتا بلکہ اس کے مقدر کے ستارے چمک جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روزنئی آبادی لاہور میں منعقدہ عظیم الشان محفلِ میلاد مصطفی ؐ سے خطاب کے دوران کیا جس میں کثیر تعداد میں عاشقانِ مصطفی ؐ ، علمائے کرام ، نعت خوانانِ عظام ، عوام الناس اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ حضور نبی کریم ؐ کی محبت سے سر شار ہو کر جب ہم آپ ؐ کی اطاعت کو اختیار کرتے ہیں تو یہ اطاعت ہی ہمارے لیے ربِ رحمان کی رضا کو حاصل کرنے کا ذریعہ بن جائے گی ۔ ہمارا دینِ متین اسلام سراسر محبت اور سلامتی کا دین ہے جس میں دوسروں کے ساتھ حسن ِ اخلاق ، بھائی چارہ ، اخوت ،ایک دوسروں کے کام آنے اور محبت کی تعلیم ہے ۔ ہمارے آقا ؐ تو یہاں تک فرماتے ہیں کہ جب تو اپنے مسلمان بھائی کو مسکرا کر دیکھے گا تو اللہ کریم اس کو تیری جانب سے صدقہ لکھے گا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم محبت اور اطاعت رسول ِ کریم ؐ کے ذریعے اپنے ایمانوں کو جِلابخشیں تاکہ اس اعلیٰ ترین عمل کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کو پا لیں ۔ محفلِ میلاد ِ مصطفی ؐ سے علامہ شیر محمد،حاجی محمد سعیداور شیخ شاہدو دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ دربارِ رسالت مآب ؐ میں نعت پاک کا نذرانہ توفیق احمد توفیق، حافظ محمد عامراور اکبر شیخ نقشبندی و دیگر نے پیش کیا ۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن وطنِ عزیز کی سلامتی ، خوشحالی ترقی ، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لیے خصوصی دعا کی۔