تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی اپنی سیاسی بقا ء کی جنگ لڑنے کیلئے مسلم لیگ پر تنقید کر رہی ہیں
راولپنڈی ( نیوز رپورٹر) ممبر کینٹ بورڈچکلالہ وارڈ5الحاج خالد بٹ نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کی عملی سیاست کرنے والی جماعت مسلم لیگ ن کے مقابل پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی اپنے کریڈٹ پر کوئی عوامی خدمت کا ریکارڈ نہیں رکھتیں اور وہ اپنی سیاسی بقا ء کی جنگ لڑنے کیلئے مسلم لیگ ن پر تنقید کر رہی ہیں ۔ انہوں نے ان خیالات کااظہارگلستان کالونی میں جاری ترقیاتی کامو ں کامعائنہ کرنے کیلئے کیے گئے دورے کے دوران وہاں جمع ہونے والے عوام الناس اور لیگی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہو ںنے کہا کہ انسانی خدمت ایسا عمل ہے جس سے اگر کوئی بدلہ نہ بھی ملے تو کم از کم برائی نہیں مل سکتی ۔ ہمیں اپنے عوام سے امید ہے کہ جس طرح مسلم لیگ ن نے خاص طور پر پنجاب میں تمام تر وسائل کو بروئے کار لاکر عوام کی عملی خدمت کی ہے اسی طرح عوام بھی آنے والے الیکشن میں مسلم لیگ ن کو کامیاب کروائیں گے تاکہ تعمیر و ترقی کا سفر رکنے کی بجائے مزید آگے بڑھ سکے ۔انہو ںنے کہا کہ اب عوام سیاسی طور پر با شعور ہو چکے ہیں اور اپنے بھلے برے کو اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں ۔