غیرمعیاری طبی خدمات کے خلاف صارفین کنزیومر کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں،ادریس رندھاوا
راولپنڈی ( نیوزرپورٹر)کنزیومر پروٹیکشن کونسل راولپنڈی کے فوکل پرسن ادریس رندھاوا نے کہا ہے کہ غیرمعیاری طبی خدمات کے خلاف صارفین کنزیومر کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ جہاں صارفین کو روزمرہ ضروریات میں ناقص و غیر معیاری اشیاء فروخت کردی جاتی ہے وہیں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد بھی صارفین کے ساتھ زیادتی سے گریز نہیں کرتے اور انہی میں سے ایک مثال ڈاکٹروں اور لیبارٹریوں کی غیر معیاری سروسز و خدمات ہیں جو صارفین سے علاج اور ٹیسٹوں کے لیے بھاری رقم وصول کرنے کے باوجود غیر معیاری علاج کرتے ہیں جن سے فائدہ کی بجائے الٹا نقصان اٹھانا پڑتا ہے کنزیومر کورٹ راولپنڈی نے ایسی صارفین کی داد رسی کی ہے جو ڈاکٹروں کی غیر معیاری خدمات کی وجہ سے نقصان اٹھا چکے ہیں اور ایسے افراد کو لاکھوں روپے بطور ہرجانہ دلوایا جاچکا ہے۔انہوں نے کہا پنجاب کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ میں صارفین کو بہت حقوق دیے گئے ہیں اور ایسے تمام اداروں ، ہسپتالوں سے صارفین کو رقم کی واپسی کے ساتھ ساتھ صارفین کو ذہنی اذیت کی مد میں ہرجانہ بھی دلوایا جاتا ہے ۔