تعلیم کے شعبے کا بجٹ بھی 90 ارب روپے ہو گیا ہے ‘محمد بلیغ الرحمن
بہاول پور (صباح نیوز) وفاقی وزیر تعلیم انجینئر میاں محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ گزشتہ چار سالوں میں پاکستان نے تمام شعبوں میں غیر معمولی ترقی کی اور پر امن و خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ دی۔معاشی اور سماجی شعبوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کیں گئیں۔ ترقی کے ان ثمرات سے ملک کے باقی حصوں کی طرح بہاول پور بھی خاطر خواہ فیض یاب ہوا۔وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں جی ڈی پی 3.68 سے بڑھ کر 5.28 ہو گی اور مہنگائی کا تناسب 8 سے کم ہو کر 2.86 اور4.16 کے درمیان رہا۔فیڈرل بیورو آف ریونیو کے محصولات 1946 بلین روپے سے بڑھ کر 3167 بلین روپے ہو گئے جبکہ ترقیاتی بجٹ 348 ارب سے بڑھ کر 733 ارب روپے ہو گیا ہے۔ اسی طرح براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا تعلیم کے شعبے کا بجٹ بھی 41 ارب سے بڑھ کر 90 ارب روپے ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق کی سربراہی میں ہر شعبے میں غیر معمولی پیشرفت میں وائس چانسلر کا کردار قابل تعریف ہے وفاقی گرانٹ کی بدولت اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا رحیم یار خان کیمپس 726 ملین روپے،بہاولنگر کمیپس 409 ملین روپے اور زرعی کالج 416 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہوا۔ بہاول پور کی تعلیمی اور سماجی ترقی کے لیے ہونے والے اقدامات میں نئی یونیورسٹیوں کا قیام ،تعلیمی ترقی میں ضلع بہاول پور کا پہلے دس اضلاع میں شمار، نئے کالجز اور ٹیکنیکل اداروں کا قیام، صحت کے شعبوں میں تین ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والا سول ہسپتال، کڈنی سنٹر ،بلڈ ٹرانسفیوژن سنٹر اورامراض دل کے علاج کے مراکز کا قیام شامل ہے بہاول پور قائد اعظم سولر پارک کا قیام عمل میں آیا اور آج بہاول پور ملک کے خوبصورت اور صاف ستھرے شہروں میں شمار کیا جاتا ہے انہوں نے لیپ ٹاپ کے حصول پر لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی اور کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم ڈیجیٹل انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوئی ہے جسے ہمسائیہ ممالک سمیت کئی ملکوں میں اپنایا گیا۔انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ اعلیٰ اخلاق اور محنت سے زندگی کے ہر میدان میں اپنا مقام پیدا کریں اور پیشہ وارانہ ترقی کا سلسلہ جاری رکھیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر قیصر مشتاق وائس چانسلر نے کہا کہ وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت اب تک اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے 5951 طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے اسی طرح وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ سکیم سے 5163 طلبہ و طالبات مستفید ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور تدریس اور تحقیق کا اہم مرکز بن چکی ہے اوراعلیٰ معیار کی بدولت رینکنگ کے اعتبار سے اس کا شمار جلد ہی پہلی دس جامعات میں ہوگا۔ انہوں نے لیپ ٹاپ سکیم اور طلباء کے لیے کروڑوں روپے کے وظائف کی فراہمی پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا اور وفاقی وزیر تعلیم کی جامعہ میں آمد اور اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی پر اظہار تہنیت پیش کیا۔ تقریب مین سابق صدر چیمبر آف کامرس ڈاکٹر رانا محمد طارق ،عوامی نمائندے ،ضلعی حکام ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے ،اساتذہ اور طلبہ وطالبات کثیر تعداد میں موجود تھے۔