کراچی میں 9سال بعد عالمی کرکٹ کی واپسی ، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلا ٹی 20ہرا دیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)کراچی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے شکست دیدی۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کوپہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے ۔ پاکستان کی طرف سے حسین طلعت نے41، فخر زمان 39، شعیب نے 14 گیندوں پر 37 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کی تباہ کن بولنگ کا سامنا نہ کرسکی اور صرف 60 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی طرف سے محمد نواز، محمد عامر عامر اور شعیب ملک نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں 9 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے۔ واضح رہے 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔ویسٹ انڈیز نے آخری بار 2006ء میں برائن لارا کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں اسے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 2-0 اور 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 3-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔انتظامیہ نے پہلے ٹی ٹونٹی کیلئے کراچی میں سکیورٹی کے سخت انتطامات کیے اور 17 ہزار اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دینے میں مصروف رہے جن میں 300 خواتین کے ساتھ 6 ہزار پولیس اہلکار شامل ہیں۔ سی سی ٹی وی اور ہائی ریزولوشن کیمروں کی مدد سے نیشنل سٹیڈیم اور اس کے اطراف کی نگرانی کی گئی جبکہ پارکنگ ایریا کی بھی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی اور تمام پارکنگ ایریاز میں دس، دس واک تھرو گیٹ لگائے گئے تھے۔میچ کے دوران سکیورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے نیشنل سٹیڈیم جانے والی تمام سڑکیں بند کی گئیں جبکہ سٹیڈیم کے اندر کی سکیورٹی رینجرز اہلکاروں کے سپرد کی گئی ہے اور سکیورٹی کے پیش نظرشائقین کوکسی بھی قسم کا آتش گیرمادہ، سگریٹ، لائٹر، دوربین اور سیاسی پرچم ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں تھی جبکہ خواتین سے پرس گھر پر چھوڑنے کی درخواست کی گئی تھی ۔سٹیڈیم داخلے سے قبل پارکنگ کے دوران شائقین اور گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی ۔ شائقین میں جوش و خروش بھی عروج پر تھا ۔ انکا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے آنے سے پاکستان میں دوسری انٹر نیشنل ٹیمیں بھی آئیں گی۔ پی ایس ایل کی وجہ سے یہ سب کچھ ہو رہا ہے ۔ ویسٹ انڈیز بورڈ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ٹیم بھیجی ۔ شائقین نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور مہمان کھلاڑیوں کے شکریہ ادا کرتے رہے ۔