خیبرپختونخوا میں مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار منایا
پشاور(صباح نیوز)مسیحی برادری نے اتوارکے روز ایسٹر کا تہوار منایا ۔اس موقع پر پشاورسمیت صوبے بھر میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔کینٹ سمیت شہری علاقوں میں گرجا گھروں کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی جبکہ خواتین اہلکاروں کی بھی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں ۔تفصیلات کے مطابق اتوار روز پورے ملک سمیت پشاوراور خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار منایا ۔اس موقع پر گرجا گھروں میں مسیحی برادری نے عبادات کیں جبکہ وطن عزیز کی سلامتی ،خوشحالی اور ترقی کیلئے بھی دعائیں مانگی گئیں ۔پشاورسمیت خیبرپختونخوا میں تقریباً 80سے زائد گرجا گھروں میں مسیحی برادری نے ایسٹر کے تہوار کے حوالے سے دعائیہ تقریبات منعقد کیں اور عبادات کیں۔پشاورمیں 3ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹیوں پر تعینات کئے گئے تھے ۔مسیحی برادری اپنے روزوں کے بعد ایسٹر کا تہوار مناتی ہے ۔